وقت ہی زندگی ہے تحریر:شمیم احمد

0
64

وقت اللّٰه رب العزت کی طرف سے عطاکردہ ایک عظیم الشان نعمت ہےجو بغیر کسی تفریق کے تمام لوگوں کو عطا کی گئی ہے , اسکی اہمیت کا اندازہ کرنے کے لئے یہی کافی ہے کہ خالق دوجہاں نے اپنی لافانی کتاب میں بارہا اسکی قسم کھائی ہے ,کیونکہ انسان کے تمام تر اعمال اسکی زندگی ہی سے وابستہ ہیں_
زندگی کس چیز کا نام ہے ؟ زندگی نام ہے چند سانسوں کا ,زندگی نام ہے شب و روز کے مجموعہ کا , در اصل وقت ہی زندگی ہے آپ اسکی خوب قدر کر لیں , آپ جس قیمتی سرمایہ کے مالک ہیں وہ عمر عزیز کے چند قیمتی لمحات ہیں جو سونے اور چاندی ہیرے اور جواہرات سے بھی زیادہ قیمتی ہیں , یاد رکھو ! جو لوگ بھی وقت کی قدر کرنا جانتے ہیں , انکی امیدیں قلیل اور مقاصد جلیل ہوتے ہیں , انکے ذریعہ ایجادات اور بڑے بڑے انقلابات رونُما ہوتے ہیں , وہ ستاروں پر کمندیں ڈالتے ہیں , اور کائنات کو حسین رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں ,دنیا کی زمام قیادت انکے ہاتھوں میں ہوتی ہے , لیکن جو لوگ وقت کی قدر و قیمت کو نہیں پہچانتے تو پھر زمانہ بھی انہیں نہیں پہچانتا , غلامی کی زندگی بسر کرنا پھر ایسے لوگوں کا مقدر بن جاتا ہے , وہ ناکامیوں اور پستیوں کے اندھیروں میں اترتے چلے جاتے ہیں ,خوب جان لو کہ وقت کا ضیاع قوموں کے سروں سے عزت و سربلندی کا تاج اُتار کر ہاتھوں میں کشکولِ گدائی تھما دیتا ہے_ کیونکہ وقت ایک دو دھاری تلوار ہے اگر تم نے اسے نہیں کاٹا تو تو وہ تمہیں کاٹ کر رکھ دے گا !
ہاۓ افسوس !دل مارے غم سے ریزہ ریزہ ہو جاتا ہے کہ آج جب آپ مسلمانوں کے شب و روز کا جائزہ لیجئے تو معلوم ہوگا کہ آج ہم غیر ضروری چیزوں کے پیچھے ضروری سے ضروری فرض بھی چھوڑ دیتے ہیں ,ہمارا قیمتی وقت ہنسی مذاق ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے , ہوٹلوں میں, غیبت کرنے میں ,موبائلوں اور فلموں میں ضائع ہو رہا ہے , ایجادات علوم و فنون , سائنس , ٹیکنالوجی میں ہم اقوام عالم سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں , اِس شدید ابتری کا ایک بڑا سبب یہی ہے کہ ہمارے یہاں جوانوں اور بوڑھوں , پڑھے لکھے اور ان پڑھوں , شہریوں اور دیہاتیوں , غرض کسی طبقہ میں بھی وقت کی قدر و قیمت کا احساس تک باقی نہیں رہا ہے ,ممکن ہے کہ دنیا کے کچھ دوسرے معاملات میں ہم بڑے ہی دانہ و فرزانہ سمجھے جاتے ہوں , لیکن وقت کی دولت لٹانے میں آج ہماری مُسرفانہ فیاضیوں کی داستان بھی رقم ہے ____اللّٰه رب العزت پوری امت مسلمہ کو آج وقت کا قدر دان بنا دے _ آمین

By @Shaameem_Ahmad

Leave a reply