وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی نااہلی کیس کی سماعت 9 ستمبر کو ہو گی

0
26

اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت 9 ستمبر کو ہو گی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی راجہ بشارت نااہلی کیس کی سماعت کریں گے.راجہ بشارت کی نااہلی کے لئے دائر کیس میں موقف اختیار کیا گیا کہ راجہ بشارت نے کاغذات نامزدگی میں جھوٹ بولا، اثاثے چھپائے اور جھوٹا حلف نامہ جمع کروایا جس کی بنا پر وہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت صادق اور امین نہیں رہا۔

وزیر قانون کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت راجہ رضوان عباسی ایڈوکیٹ کی جلد شنوائی کی درخواست پر مقرر کی گئی.فاضل وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی رپورٹس پہلے ہی عدالت عالیہ کو موصول ہو چکی ہیں جن کے مطابق راجہ بشارت وزیر قانون پنجاب کے خلاف ناقابل تردید ثبوت ریکارڈ پر آ چکے ہیں۔ لیکن راجہ بشارت مختلف حیلوں بہانوں سے ارجنٹ نوعیت کے کیس کو طوالت دے رہا ہے۔

راجہ رضوان عباسی ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ عرصہ 2 سال سے نااہلی کیس عدالت میں زیر التوا ہے۔ اس لئے اسے جلدی سماعت کےلئے مقرر فرما کر اس پر فیصلہ صادر کیا جائے۔ تاکہ جھوٹ کے سہارے اسمبلیوں میں پہنچنے اور سرکاری خزانے کو بغیر اہلیت اور اختیار کے لوٹنے والوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد راجہ بشارت کے خلاف رٹ پٹیشن ستمبر کے پہلے ہفتے میں سماعت کےلئے مقرر کرنے کا مختصر حکم سنایا تھا۔واضح رہے نااہلی کی یہ رٹ پٹیشن راجہ بشارت کی سابقہ اہلیہ سیمل وحید نے راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کر رکھی ہے۔

Leave a reply