شمالی وزیرستان ہیلی کاپٹر حادثہ: دو روسی اور ایک بیلاروسی پائلٹ کی ہلاکت، روسی سفارت خانے کی تصدیق

helli

اسلام آباد: 28 ستمبر کو خیبر پختونخواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے روسی سفارت خانے نے باضابطہ بیان جاری کیا ہے، جس میں اس افسوسناک واقعے میں دو روسی اور ایک بیلاروسی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر شیوہ آئل فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا اور حادثے میں چھ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے تھے۔روسی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "پاکستان میں واقع روسی سفارت خانے کی جانب سے نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ 28 ستمبر کو شمالی وزیرستان خیبر پختونخواہ میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں دو روسی شہریوں نکولائی ریباکووچ اور سیمویل مردوئین، اور ایک بیلاروسی پائلٹ سرگئی کوشیلوف کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے”۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "ہم اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ اور احباب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔یہ افسوسناک حادثہ 28 ستمبر بروز ہفتہ شمالی وزیرستان کے شیوہ آئل فیلڈ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر اڑان بھرتے ہی تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کا شکار ہونے والا ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر تھا، جس میں تین غیر ملکی پائلٹس سمیت کریو اور 14 مسافر سوار تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ آٹھ زخمی ہوئے۔ایوی ایشن ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق، حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر پاکستان میں چارٹرڈ پروازیں فراہم کرنے والی کمپنی "پرنسلے جیٹ” نے روس سے ویٹ لیز پر حاصل کیا تھا، جس کا مطلب ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر عملے سمیت لیز پر لیا گیا تھا۔ حادثے کی وجوہات کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاہم ابتدائی رپورٹوں کے مطابق تکنیکی خرابی اس حادثے کا سبب بنی۔روس اور بیلاروس کی حکومتوں کے درمیان اس حادثے کے بعد تعاون کا عمل جاری ہے، جبکہ پاکستانی حکام بھی حادثے کی تحقیقات اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ روسی اور بیلاروسی سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے حادثے کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔حادثے کے بعد جائے وقوعہ کی تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں، جن میں تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کو دیکھا جا سکتا ہے۔ حکام نے علاقے کو فوری طور پر سیل کر دیا تھا اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ ماڑی پیٹرولیم کمپنی کی جانب سے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کمپنی اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات میں تعاون کرے گی۔ کمپنی کے بیان کے مطابق، "ہم حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔”

Comments are closed.