
پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ’چڑیلز‘ پر پاکستان میں عائد پابندی ختم کردی گئی –
باغی ٹی وی :بھارتی اسٹریمنگ چینل زی5 پر نشر ہونے والی پاکستانی ویب سیریز’چڑیلز‘ پرچند روز قبل پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی تھی جس کی اطلاع سیریز کے ہدایت کار عاصم عباسی نے 7 اکتوبر کو اپنی متعدد ٹوئٹس میں دی تھی۔
عاصم عباسی نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ حیران کن طور پر جس ویب سیریز کی دنیا بھر میں تعریفیں کی جارہی ہیں، اسے اپنے ہی ملک میں بند کردیا گیا۔
عاصم عباسی نے ’چڑیلز‘ کو پاکستان میں بند کیے جانے کو نہ صرف فلم سازوں، اداکاروں اور آرٹسٹوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا بلکہ انہوں نے اس عمل کو خواتین، روشن خیال طبقے اور مالی بہتری کے لیے اسٹریمنگ سائٹس جیسے پلیٹ فارمز کا سہارا لینے والے تخلیقی افراد کے لیے بھی نقصان دہ قرار دیا تھا۔
ویب سیریز کی پاکستان میں بندش کے چند ہی گھنٹے بعد 7 اکتوبر کو ٹوئٹر پر چڑیلز کا ٹرینڈ ٹاپ بھی رہا اور عوام کے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات نے بھی سیریز کی پاکستان میں بندش پر برہمی کا اظہار کیا۔
ویب سیریز پر پابندی کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بتایا تھا کہ انہوں نے متعدد شکایات کے بعد زی فائیو سے مذکورہ ویب سیریز کے حوالے سے رابطہ کیا تھا اور انہوں نے خود پاکستان میں ویب سیریز کو بلاک نہیں کیا۔
"The Pakistan Telecommunications Authority said it contacted the platform after receiving complaints about the show." "We cannot block (content) on our own, but we can write to the platform, which we have done.” – Ub ghaur karein. #Churailshttps://t.co/LWBt68bVq1 https://t.co/m95iAtFReV
— Asim Abbasi (@IllicitusProduc) October 8, 2020
پی ٹی اے کے حکام نے یہ نہیں بتایا تھا کہ انہوں نے زی فائیو کو کیا ہدایات کی ہیں لیکن اب مذکورہ ویب سیریز کو دوبارہ ویب اسٹریمنگ چینل پر پاکستان میں بھی ریلیز کردیا گیا۔
The witches who wouldn’t burn.💃🏾💃🏾💃🏾💃🏾 not for for now, anyway. #Churails back on in Pakistan. https://t.co/u5DNaic958
— Asim Abbasi (@IllicitusProduc) October 9, 2020
مذکورہ ویب سیریز کے ہدایت کار عاصم عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ’چڑیلز‘ پر سے پابندی کو اٹھالیا گیا ہے جس کے بعد پاکستانی صارفین بھی اسے دیکھ سکتے ہیں۔
زی فائیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہیں پی ٹی اے کی جانب سے ہدایت موصول ہوئی تھی اور انہوں نے اس پر عمل کرتے ہوئے اب دوبارہ ’چڑیلز‘ کو ریلیز کردیا۔
زی فائیو نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں پی ٹی اے نے کیا ہدایات کی تھیں اور انہوں نے ادارے کی ہدایات کے بعد کیا اقدامات کرنے کے بعد ویب سیریز کو ریلیز کیا-
تاہم شائقین کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر ’چڑیلز‘ کے بولڈ اور متنازع سین کو نکالنے کے بعد اسے دوبارہ ریلیز کیا گیا ہوگا، تاہم اس حوالے سے زی فائیو اور عاصم عباسی نے کوئی وضاحت نہیں کی۔
واضح رہے کہ ویب سیریز ’چڑیلز‘ پر دکھائے جانے والے ایک سین میں اداکارہ حنا خواجہ بیات نہایت غیراخلاقی گفتگو کرتی ہوئی نظر آرہی تھیں اس گفتگو پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اعتراض اتھایا تھا جس کی وجہ سے زی 5 نے اس ویب سیریز پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔