اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان مجھے دھمکیاں دیتاتھا کہ ہماری بھی باری آئےگی، اب ان کا این آر او ٹو شروع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے شریف خاندان کی کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کیا اور بتایا کہ انہوں نے کس طرح اپنی نوکروں کے نام پر ملکی پیسہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ میں ان کے کیسز کا وائٹ پیپرسامنے لارہا ہوں، ہم نے اپنے دور میں ان پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں کیا، صرف مقصود چپڑاسی والا کیس ہمارے دور میں شروع ہوا، ان پر سارے کیسز ہمارے دور سے پہلے کےہیں۔
عمران خان نے کہا کہ وائٹ پیپر رکھنےکامقصد ہےکہ اب ان کا این آراو ٹو شروع ہوگیاہے، ان کی مجھ سے یہ شکایت تھی کہ انہیں این آر او دوں، این آر او ون سے ملک کو نقصان پہنچا اب یہ این آر او ٹو لےرہےہیں،جس کا صرف ایک مقصد ہے کہ ان کے کیسز ختم ہوجائیں۔
برطرف وزیراعظم نواز شریف کے مفرور بیٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے بیٹے ن لیگ کے دور میں پاکستان سے فرار ہوئے۔ دونوں سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے شہری نہیں۔
فرح خان سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فرح خان پر جو کیس ڈالا ہے پہلے یہ کسی کو دکھائیں کہ یہ کیس ،فرح کوئی عوامی عہدے دار نہیں تھی جس پر یہ کیس بنتا ہے۔ یہ دراصل فرح خان پر کیس کرکے مجھے پریشر میں لانا چاہتا ہیں۔ یہ لوگ فرح خان کے ساتھ ایسے ہی کیسز بنا رہے ہیں جیسے انہوں نے سابق اہلیہ جمائما کے خلاف مجھ سے انتقام لینے کیلئے جھوٹے ٹائلز کے کیسز بنائیں۔