ننکانہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کہاں ہیں؟ مریضوں کی چیخیں کس کو سنائی دیں گی؟
ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ہسپتال میں ڈاکٹرز کہاں ہیں؟ مریضوں کی چیخیں کس کو سنائی دیں گی؟ایم ایس کی نااہلی سے ننکانہ ہسپتال میں صحت کا نظام کیوں تباہ ہو رہا ہے؟ مریضوں کی جانوں سے کھیلنا کب تک جاری رہے گا؟
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں ایم ایس ڈاکٹر عمران شاہ کی نااہلی اور مبینہ غفلت کی وجہ سے ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر آویزاں ہونا ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔ ایمرجنسی وارڈ میں ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا معمول بن چکا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے اور ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر آویزاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ایس کی نااہلی اور مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے ڈاکٹرز کئی ہفتوں تک ڈیوٹی سے غائب رہتے ہیں اور اکثر دیر سے پہنچتے ہیں، جس کے باعث مریضوں کو علاج معالجے کے بغیر واپس جانا پڑتا ہے۔
سول ہسپتال کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عوامی سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ ایمرجنسی میں ڈاکٹرز اکثر غائب رہتے ہیں اور صرف سرکاری دورے کے دوران فوری طور پر ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جاتی ہے۔ بایومیٹرک سسٹم موجود ہونے کے باوجود، چند سینیئر ڈاکٹرز ہی بروقت حاضری لگاتے ہیں، جبکہ دیگر ڈاکٹرز کی غیر حاضری اور تاخیر ایم ایس کی ناقص کارکردگی اور نااہلی کی عکاسی کرتی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے درخواست کی ہے کہ ہر ماہ ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر تیار کیا جائے اور آویزاں کیا جائے تاکہ قانون کی حکمرانی قائم ہو سکے اور عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔