معروف اداکار، مصنف اور ہدایتکار یاسر حسین نے کہا ہے کہ دوسری شادیوں اور شادی کے بعد کے افیئرز کیلئے خواتین زیادہ ذمہ دار ہیں-
یاسر حسین نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے متعدد سماجی موضوعات پر کھل کر اظہارِ خیال کیاشادیوں، خصوصاً مرد کے چار نکاح کے موضوع پر بات کرتے ہوئے یاسر حسین نے اس خیال سے اختلاف کیا کہ مرد کو چار شادیاں کرنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے محبت کی شادی کی ہے اور کسی اور عورت کی طرف دیکھنے کا تصور بھی میر ے لیے ممکن نہیں یاسر حسین کے مطابق دو شادیوں یا غیر ازدواجی تعلقات میں مرد سے زیادہ عورت کا کردار اہم ہوتا ہے۔
یاسر حسین نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کی خواتین ایسے مردوں کو پسند کرتی ہیں جو مالی طور پر مستحکم ہوں اور بچوں کی کفالت کر سکیں، اس کے پاس گاڑی ہو،ایسی صورت میں، اگرچہ انہیں علم ہوتا ہے کہ مرد پہلے سے شادی شدہ ہے، پھر بھی وہ دوسرا نکاح قبول کر لیتی ہیں میں کئی ایسی خواتین کو جانتا ہوں جنہوں نے خود اپنی مرضی سے دوسرے نکاح کا انتخاب کیا اور اکثر ایسی ہی خواتین پہلی بیوی سے طلاق دلوانے کی کوشش بھی کرتی ہیں۔
جب انہیں کہا گیا کہ بہت سارے مرد اپنی پہلی شادی چھپاتے ہیں تو اس پر یاسر حسین نے کہا کہ ایسے مردوں کی تعداد بہت کم ہے، ایسے مردوں کی تعداد ایک فیصد ہوگی لیکن زیادہ تر غلطیاں لڑکیوں کی ہوتی ہیں۔
یاسر حسین کی جانب سے مرد کی دوسری شادی اور غیر ازدواجی تعلقات استوار کرنے میں لڑکیوں کو قصور وار ٹھہرانے پر بعض افراد نے ان سے اختلاف بھی کیا اور انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا۔