عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کا قابل تحسین اقدام
کراچی۔ (اے پی پی) ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر ضلع کے تمام پولیس جوان اور افسران کو اساتذہ کو سلوٹ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جب بھی کوئی ٹیچر کسی تھانے یا پولیس آفس میں اپنے مسئلے کے لئے آئے تو انہیں انتظار کرائے بغیر فوری باعزت انداز میں ان کی قانونی مدد کی جائے، اساتذہ سے سڑک پر اگر کوئی معمولی غلطی ہو جائے تو ان کو باعزت انداز میں تنبیہ کرتے ہوئے روانہ کردیا جائے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایس ایس پی سینٹرل نے ہدایت کی ہے کہ تمام سپروائزری افسران احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور ان کا ادب اور احترام ہم سب پر لازم ہے۔