یہ بندے مٹی کے بندے تحریر: سحر عارف

0
24

_سو جاؤ عزیز کہ فصیلوں پہ ہر اک سمت_
_ہم لوگ ابھی زندہ و بیدار کھڑے ہیں_

اپنے ملک کی خاطر خود کو قربان کر دینے، پھر اپنا گھر چھوڑ کر سرحدوں پہ ملک کے دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انھیں منہ توڑ جواب دینے والے کوئی عام انسان نہیں بلکہ ہماری فوج کے جوان اس ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ جو ہر گھڑی پاکستان کے دفاع اور اس کی حفاظت کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ جن کی زندگی کا مقصد ہی اپنے ملک کی آبرو بچانا اور اسے دشمن کے ناپاک ارادوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ وہ نا دن کی پرواہ کرتے ہیں نا رات کی بس اپنی عوام کی خوشیوں اور حفاظت کے لیے باڈر پہ کھڑے رہ کر ہر پل اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔ نا سخت سردی انھیں روک سکتی ہے نا سخت گرمی دراصل ملک اور قوم کی محبت انھیں اتنی طاقت اور حوصلہ دیتی ہے کہ وہ نا کبھی تھکتے ہیں نا ہارتے ہیں۔ ہماری فوج پوری دنیا میں ہر لحاظ سے اپنا ایک الگ مقام و مرتبہ رکھتی ہے۔

جس نے دنیا میں ایسے ایسے عظیم کارنامے سر انجام دیے ہیں کہ بیان کرنے لگیں تو صدیاں بیت جائیں۔ بہت سے لوگ جو اس دنیا میں آتے ہیں اور پھر دنیاوی ہوکر رہ جاتے ہیں ان کی زندگی کا دائرہ صرف ان کی اپنی اور خاندان کی ذات تک محدود ہوتا ہے۔ پر اس کے برعکس ہمارے یہ فوجی جوان ہیں جو اپنے ملک کی محبت میں دن رات اپنی جان خطرے میں ڈالے رکھتے ہیں وہ یہ سب جانتے ہوئے کہ کسی بھی وقت دشمن ان کا شکار کر لے گا وہ اپنے خاندان کی پرواہ کیے بغیر اپنے محب وطن ہونے کا ثبوت دیتے ہیں اور پوری بہادی اور جرات سے پاکستان کے دشمنوں کو نیست و نابود کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

ہر سال ہزاروں کی تعداد میں جوان اپنے ملک کی خاطر دشمن سے لڑتے ہوئے شہید ہوتے ہیں۔ خوش قسمت تو وہ مائیں ہیں جو ایسے بہادر اور نڈر بیٹے اس ملک کے لیے پیدا کرتی ہیں پھر انھیں خود سے الگ کر کے سرحدوں پر ملک و قوم کی حفاظت کے لیے لڑوانے کا حوصلہ اور جذبہ رکھتی ہیں۔ بے شک یہ ملک یہ قوم اپنی ان خوش قسمت اور بہادر ماؤں کی مقروض ہے۔ جب سے پاکستان وجود میں آیا تب سے لے کر آج تک سینکڑوں جوان ملک کی خاطر خود کو قربان کرگئے پر پھر بھی ان ماؤں کا جذبہ کبھی کم نہیں ہوا بلکہ ہمیشہ مزید بلند ہوا ہے۔

جہاں پاکستای قوم اپنے ان جوانوں کی شکر گزار ہے اور ان سے محبت کرتی ہے وہیں کچھ لوگ جوکہ اپنے ہی ملک کے دشمن ثابت ہورہے ہیں پاک فوج کے خلاف طرح طرح کا پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ کسی طرح ان کو کمزور کیا جاسکے پر شاید وہ بےوقوف یہ بات بھول جاتے ہیں کہ یہ پاکستان کی فوج ہے کوئی چھوٹی موٹی فوج نہیں جس کو ڈرا دھمکا کر اسے کمزور کردیں گے۔ ہماری فوج بہت بہادر ہے۔ وہ اتنی دلیر ہے کہ باہر کے دشمنوں سے ساتھ ساتھ ملک میں موجود دشمنوں کا بھی مقابلہ کرکے انھیں شکست فاش کرسکتی ہے۔ بے شک ہماری فوج اور ہمارے جوان ہمارا فخر اور حقیقی سرمایہ ہیں۔

@SeharSulehri

Leave a reply