یمن کی حوثی ملیشیا کو دہشت گرد قرار دلانے کے لیے امریکا متحرک ہوگیا

0
34

یمن کی حوثی ملیشیا کو دہشت گرد قرار دلانے کے لیے امریکا متحرک ہوگیا

باغی ٹی وی : امریکا ایران کی حمایت یافتہ یمن کی حوثی ملیشیا کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے دے گا اور اس کے تین لیڈروں کو بھی خصوصی عالمی دہشت گرد قرار دے دے گا۔

یہ بات امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے سوموار کو ایک سرکاری بیان میں کہی ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ ’’امریکی محکمہ خارجہ انصاراللہ (حوثی ملیشیا) کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے لیے کانگریس کو میرے ارادے سے آگاہ کردے گا۔اس کو امیگریشن اور نیشنیلٹی ایکٹ کی شق 2019ء اورایگزیکٹو آرڈر 13224 کے تحت خصوصی عالمی دہشت گرد گروپ قرار دے دے گا۔‘‘

انھوں نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’’میں انصاراللہ کے تینن لیڈروں عبدالملک الحوثی، عبدالخالق بدرالدین الحوثی اور عبداللہ یحییٰ الحکیم کو خصوصی دہشت گرد قرار دے دوں گا۔انھیں دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے سے اس گروپ کی دہشت گردی کی سرگرمیوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔حوثی ملیشیا کودہشت گردی کی کارروائیوں پر قابل مواخذہ قرار دیا جائے گا۔‘‘

مائیک پومپیو نے مزید کہا ہے کہ ’’حوثی ملیشیا اوراس کے لیڈروں کو دہشت گرد قرار دینے کا فیصلہ ایک پُرامن ،خود مختار اور متحدہ یمن کے قیام کی کوششوں کے حصے کے طور پر کیا گیا ہے۔ایسا یمن جو ایرانی اثرات سے محفوظ ہو اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے یمن میں 2014ء سے ایک سفاکانہ مہم شروع کررکھی ہے اور اس کے دوران میں اس نے سیکڑوں عام شہریوں کو ہلاک کردیا ہے اور یمن میں خون خرابے کے علاوہ خطے کو بھی عدم استحکام سے دوچار کیا ہے۔

ایرانی نظام نے حوثی ملیشیا سے ناتا توڑنے کے بجائے انھیں مالی اور اسلحی امداد مہیا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور ایران دنیا میں دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا بڑا ملک بن چکا ہے

Leave a reply