اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے۔
باغی ٹی وی : یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب بھی منعقد ہوئی، یومِ پاکستان کی پریڈ ایوان صدر میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زردار ی ہیں، ایوان صدر میں منعقد ہونے والی پریڈ میں غیر ملکی سفیر، اعلیٰ سول اور فوجی حکام بھی شریک ہیں۔
یوم پاکستان پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ اس دن یعنی 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان ، جسے قرارداد لاہور بھی کہا گیا تھا، پیش کی گئی تھی، قرارداد پاکستان جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔ وہ مطالبہ جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ اس دن "23 مارچ” پورے پاکستان میں عام تعطیل ہوتی ہے،اور 23 مارچ 1956ء کو پاکستان کا پہلا آئین اپنایا گیا اور یوں مملکت پاکستان پہلا اسلامی جمہوریہ اسلامی جمہوریہ پاکستان بنا۔
یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک کو سیاسی، معاشی اور سکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کیلئے ثابت قدم رہیں گے، ہر پاکستانی اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر، تقسیم اور منفی رجحانات کو مسترد کرے۔
صدر نے یوم پاکستان پریڈ کی مرکزی تقریب سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو، شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتاہوں، فتنہ الخوارج، دہشت تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر ایک اہم چیلنج ہے، ہم باحوصلہ قوم ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مادر وطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتاہے،ہمارے سامنے سفر آسان نہیں ، لیکن ناممکن بھی نہیں، سب سے اپیل کرتا ہوں تمام تر توانائیاں ملکی ترقی کے لیے وقف کریں، اختلافات سے بالا تر ہوکر خوشحال اور پُر امن پاکستان کے لیے کام کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ۔
عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں اس تبدیلی کی معترف ہیں، درست پالیسیوں، نیک نیتی اور قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو بھی سلام ہے، یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کویاد رکھنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا یوم پاکستان پر پیغام
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قوم کویوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ آج کے دن غربت میں کمی، مساوات اور کمزو رطبقات کے تحفظ کاعہد کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا یوم پاکستان پر پیغام
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے یوم پاکستان کے موقع پر کہاکہ آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ ہم ملک کی بقا اور سلامتی کیلئے کردار ادا کریں، سب کو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا یوم پاکستان پر پیغام
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو مضبوط معیشت بنائیں گے، پاکستان میں خوشحالی نئے دور کا آغاز جلد ہوگا۔
یوم پاکستان کے موقع پر مینارپاکستان مختلف رنگوں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے پی ایچ اے کی جانب سے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں لیزر لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا، لیزر لائٹس سے مینار پاکستان پر قومی پرچم میں چاند تارا بھی بنایا گیا لیزر لائٹ شو کے دوران گریٹر اقبال پارک ملی نغموں سے گونجتا رہا، یوم پاکستان کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے لیزر لائٹ شو دوروز جاری رہے گا،اس کے علاوہ یوم پاکستان پر آئی ایس پی آر نے نغمہ بھی جاری کردیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کو یومِ پاکستان پر مبارکباد پیش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس کی جانب سے قوم کو یومِ پاکستان کی 85 ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 23 مارچ 1940 ایک ایسا دن جب ہمارے اجتماعی عزم کو واضح سمت ملی،ہمارا وطن جمہوریت کے پرچم تلے ترقی کی راہ پر گامزن ہے،مسلح افواج ہمیشہ مقدس سرحدوں کی حفاظت کےلیے پُرعزم ہیں، پاکستان امن کا پیامبر ہے اور ہم اسے ہر حال میں محفوظ رکھیں گے۔