ٹھٹھہ : کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو منشیات و دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھاجاسکتا ہے- غضنفر علی قادری

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار راجہ قریشی)کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو منشیات و دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھاجاسکتا ہے- غضنفر علی قادری
تفصیل کے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ سے عوام کو تفریح کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشو نما بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے ہی نوجوانوں کو منشیات و دیگر سماجی برائیوں سے دور کرکے صحتمند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج مکلی کرکٹ اسٹیڈیم میں حکومت سندھ کے تعاون اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انٹر اسکول کرکٹ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنا ٹیلینٹ ظاہر کرنے کا موقع ملے گا تاکہ وہ اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مکلی کرکیٹ اسٹیڈیم کی بحالی و مرمت اور دیگر تمام مسائل جلد حل کیئے جائینگے تاکہ کھلاڑی پر سکون ماحول میں کھیلوں کا مقابلہ کر سکیں۔ افتتاحی میچ میں گورنمنٹ بوائز کیمپس ہائی اسکول مکلی نے گورنمنٹ بوائز اسکول براد تھیم کو 96 رنز سے ہرا دیا، ہائی اسکول مکلی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اعظم خاصخیلی کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگ کی بدولت سات وکٹوں کے نقصان پر 180 اسکور کئے، مجیب الرحمٰن نے 19 رنز اور شاہ زیب جوکھیو نے 09 رنز بنائے جبکہ جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے براد تھیم اسکول کی ٹیم 84 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ مکلی اسکول کے منصور علی، عمران خاصخیلی اور غلام محید نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہائی اسکول مکلی کے بیٹسمین اعظم خاصخیلی کو شاندار اننگ کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیتے ہوئے پانچ سو روپے نقد انعام بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ہیڈ کوچ پی سی بی جامشورو و ٹھٹھہ شاہد قمبرانی، فوکل پرسن اسکولز ٹھٹھہ محمد صفدر ٹھٹھوی، نمائندہ پی سی بی ٹھٹھہ محمد شریف گجر، سابق صدر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسیئشن ٹھٹھہ احمد علی بلوچ، سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس سید ریاض حسین شاہ سمیت مختلف محکموں کے افسران، کھلاڑی، طلباء اور شائقین بھی موجود تھے۔ قبل ازیں نوجوان کھلاڑیوں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری کا اسٹیدیم میں آنے پر والہانہ استقبال کیا گیا جبکہ ضلع میں طویل عرصے بعد صحتمند سرگرمیوں اور کھیلوں کے انعقاد پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

Leave a reply