fbpx

گورنربلوچستان سید آغاظہوراحمد کا ممتازبھٹو کی وفات پراظہارافسوس

کوئٹہ :گورنربلوچستان سید آغاظہوراحمد کا ممتازبھٹو کی وفات پراظہارافسوس،اطلاعات کے مطابق گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے سینئر سیاستدان اور سابق وزیر اعلی سندھ سردار ممتاز علی بھٹو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم سردار ممتاز علی بھٹو کی گرانقدر سیاسی خدمات ہیں جو آج بھی یاد رکھی جائیں گی۔ گورنر بلوچستان نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور ان کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار یکجہتی کیا۔

یاد رہےکہ سندھ کی اہم سیاسی شخصیت سردار ممتاز علی بھٹو انتقال کرگئے، طبیعت ناسازی کے باعث وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

اہل خانہ کے مطابق ممتاز علی بھٹو کی عمر اٹھاسی سال تھی، وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔

ممتاز بھٹو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے کزن اور شہید بے نظیر بھٹو کے چچا تھے، وہ سابق گورنر سندھ اور وزیراعلٰی سندھ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

ممتاز بھٹو 1967سے 1988 تک پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، بعد ازاں ممتاز بھٹو نے سندھ نیشنل فرنٹ کے نام سے اپنی سیاسی جماعت بنائی اور پھر 2017 میں ممتاز بھٹو نے اپنی سیاسی جماعت کو تحریک انصاف میں ضم کر دیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینئر سیاستدان ممتازبھٹو کےانتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سردار ممتاز علی بھٹو کی رحلت کی اطلاع پا کر افسردہ ہوں، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔