زلزلے سے متاثرہ ملازمین کو ان کے گھروں کی تعمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز دینے کا مطالبہ

0
43

مظفر آباد۔ (اے پی پی) تنظیم غیر جریدہ ملازمین کے اجلاس میں زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کے متاثرہ ملازمین کو ان کے گھروں کی تعمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ایچ بی اے فنڈز دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ متاثرہ ملازمین کو 3 ماہ کی ایڈوانس تنخواہ بھی دی جائے اور متاثرہ ملازمین کے ایچ بی اے سمیت تمام قرضے معاف کئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ تنظیم غیر جریدہ ملازمین زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کے عوام اور ملازم کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے، ان کے ساتھ مکمل اظہار ہمدردی کرتے ہیں،ان کے ساتھ مشکل گھڑی میں چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم غیر جریدہ ملازمین آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی صدر سالک رشید عباسی، مرکزی سیکرٹری جنرل خواجہ عبدالوحید، سینئر نائب صدر تصور گردیزی، نائب صدر راجہ منشاء خان، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی طاہر شاہ، سیکرٹری مالیات خالد شیخ، پریس سیکرٹری الطاف نقوی، جائنٹ سیکرٹری مدثر خورشید عباسی، ضلعی صدر راجہ اویس ناصر، جنرل سیکرٹری زاہد عزیز عباسی، سینئر نائب صدر آصف میر، نائب صدر خواجہ محمد شفیق، سیکرٹری مالیات ندیم اعوان، سعید مغل، خواجہ جاوید اور دیگر نے تنظیم کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ حکومت زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کی تعمیر نو اور بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کو فی الفور معاوضے ادا کرے۔ متاثرین کو بے یار و مددگار نہ چھوڑا جائے۔ مقررین نے شہداء کے ورثاء سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہداء کے ایصال ثواب درجات کی بلندی زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سواد اعظم تنظیم غیر جریدہ ملازمین نے زخمی متاثرین کے علاج معالجہ کے لئے خصوصی انتظامات کا بھی مطالبہ کیا۔ زخمیوں کے لئے علاج معالجہ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

Leave a reply