بھارت میں زیادتی کا جھوٹا مقدمہ درج ہونے پر 50 سالہ شخص نے خود کشی کر لی،پولیس نے دو صحافیوں کو گرفتار کر لیا
اوڈیشہ کے ضلع کندراپارا میں پولیس نے اتوار کے روز دو صحافیوں کو ایک 50 سالہ شخص کی خودکشی پر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں صحافیوں نے مبینہ طور پر مذکورہ شخص کو ایک جھوٹے ریپ مقدمے میں پھنسایا تھا، جس کے بعد اس نے درخت سے لٹک کر خودکشی کر لی۔پولیس افسر کے مطابق، متوفی شخص کا تعلق پٹکورا پولیس اسٹیشن کی حدود کے ایک گاؤں سے تھا۔ جمعرات کے روز اس نے درخت سے لٹک کر اپنی جان دے دی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے، جس میں 50 سالہ شخص نے اپنی موت کا ذمہ دار دو صحافیوں اور ایک 31 سالہ خاتون کو ٹھہرایا ہے۔ نوٹ میں لکھا گیا ہے کہ خاتون نے دونوں صحافیوں کے کہنے پر اس کے خلاف ریپ کا جھوٹا مقدمہ درج کروایا۔متوفی کی اہلیہ نے تینوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں صحافیوں کو گرفتار کر لیا۔ یہ صحافی ایک نجی ٹی وی چینل اور یوٹیوب چینل سے وابستہ تھے۔
مقامی عدالت نے دونوں صحافیوں کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے، جبکہ کیس کی تیسری ملزمہ، مذکورہ خاتون، تاحال مفرور ہے اور پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔