سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کوسینٹ کی انسانی حقوق کمیٹی نے کورونا بحران کے بعد ریلیز کرنے کی اجازت دے دی۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق سینٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں فلم ’زندگی تماشا‘ کی نمائش پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے فلم ’زندگی تماشا‘ کو اسکریننگ کی اجازت دینے کے سنسر بورڈ کے فیصلے کی تائید کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے بتایا کہ سنسر بورڈ کو کمیٹی نے کورونا بحران کے بعد ’زندگی تماشا‘جاری کرنے کی اجازت دے دی۔
مصطفی نوازکھوکھر نے بتایا کہ فلم ’زندگی تماشا‘ میں کوئی قابل اعتراض چیز نہیں نظر آئی۔
واضح رہے کہ معروف پاکستانی فلمساز اور اداکار سرمد کھوسٹ کی نئی آنے والی فلم زندگی تماشا‘ 24 جنوری کو پاکستان بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی اس فلم کو نمائش کی منظوری دئیے جانے کے باوجود ملک میں اس کی ریلیز اس لئے روک دی گئی تھی کیونکہ اس کے حوالے سے ایک مذہبی جماعت کی جانب سے فلم کے خلاف مظاہروں کی کال دی گئی تھی جس کے بعد فلم کی ریلیز روک دی گئی تھی۔