
سفید کوٹ پہننا اپنی زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کرنے کا عزم: پروفیسر الفرید ظفر
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی نئی کلاسز کے سٹوڈنٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو سفید کوٹ زیب تن کر رہے ہیں وہ محض ر سمی کاروائی نہیں بلکہ ایک سنجیدہ اور کٹھن سفر کا آغاز ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ انسانیت، قربانی، جرات اور احساس ذمہ داری کا سفر ہے کیونکہ سفید کوٹ پہننے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے اپنی زندگی دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے وقف کرنے کا راستہ منتخب کیا ہے۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ وہ اپنی پوری توجہ تعلیم مکمل کرنے پر مرکوز کریں اور مریضوں کو حقیقی معنوں میں اہمیت دیں اوراپنی توانائیاں میڈیکل کی تعلیم اور تحقیق میں اس مقصد کے ساتھ صرف کریں کہ دکھی انسانیت کی مدد کی جاسکے۔اس موقع پر سینئر پروفیسر صاحبان، طلبہ و طالبات اور اُن کے والدین بھی موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ اقبال کے شاہینوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور آپ خوش قسمت ہیں جنہیں طب کا شعبہ جوائن کرنے کا موقع ملاہے کیونکہ ہر سال لاکھوں نوجوان دکھی انسانیت کی خدمت کی تڑپ لے کر ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے کوشش کر تے ہیں مگر انہیں کامیابی نصیب نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز دیار غیر میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور آپ کو بھی ان کے نقش قد م پر چلتے ہوئے طبی دنیا میں اپنا اور امیر الدین میڈیکل کالج کا نام روشن کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ طلبا کو جدید ریسرچ کیلئے تمام مواقع فراہم کئے جائینگے جس سے وہ مستقبل میں بہتر انداز میں دکھی انسانیت کی خدمت کرسکیں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ استقبالیہ تقریب میڈیکل طلبہ کے سفر کے آغاز کی علامت ہے اور اس نوبل پیشے میں شامل ہونے کی ذمہ داری اور استحقاق کا احساس پیدا کرتی ہے،پیشہ ورانہ مہارت، نگہداشت اور اعتماد کی بھی علامت ہے جو انہیں مریضوں سے حاصل کرنا ضروری ہے۔
اس موقع پر سینئر پروفیسرصاحبان نے ایم بی بی ایس کے نئے سیشن کے طلبا کو تلقین کی کہ وہ مستقبل کے قابل با اخلاق صحت کے پیشہ ور افراد کے طور پر ابھرنے کے لئے اپنی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر توجہ دیں جبکہ مطالعہ میں وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے کالج اور ہاسٹل کے قواعد و ضوابط سے بھی طلبا کو آگاہ کیا گیا کیونکہ کالج میں حاضری اور بے قاعدگی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جاتی ہے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے طلبا کے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت میں مزید دلچسپی لیں اور اساتذہ سے رابطے میں رہیں۔ تقریب کے اختتام پرپرنسپل نے تمام نئے آنے والوں سے اعلی اخلاقی معیار کی تعمیل کرنے کا حلف بھی لیاجبکہ میڈیکل سٹوڈنٹس نے بھی اپنے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ امیر الدین میڈیکل کالج جیسے شاندار ادارے کی نیک نامی کا باعث بنیں گے اور انشاء اللہ ملک و قوم کی خدمت کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔