فلسطینیوں کے خلاف صہونیوں کی اشتعال انگيزی جاری
مقبوضہ بیت المقدس :فلسطینیوں کے خلاف صہونیوں کی اشتعال انگيزی جاری ،اطلاعات کے مطابق شیخ جراح میں صیہونیوں کے اشتعال انگیز اقدامات ابھی رکے نہیں ہیں۔
خودساختہ صیہونی ریاست سے وابستہ باوردی دہشت گردوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے فلسطینی بہن بھائی کو گرفتار کر لیا۔
خبررساں اداروں کے مطابق صہیونی حکام نے منیٰ الکرد اور ان کے بھائی محمد الکرد کو ان کے گھر سے گرفتار کیا، تاہم چند گھنٹے پوچھ گچھ کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔
انہوں نے حال ہی میں مشرقی بیت المقدس میں فلسطینی خاندانوں کے جبری انخلا کے خلاف کیے گئے مظاہرے میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ صہیونی پولیس نے محمد الکرد کو گرفتار کرنے کے لیے گھر پر چھاپا مارا، تاہم تلاش میں ناکام ہونے پر وہ ان کی بہن کو اٹھا کر لے گئے۔ منیٰ الکرد اور ان کے بھائی نے سوشل میڈیا پر فلسطینی خاندانوں کی ان کے گھروں سے بے دخلی کے معاملے کو اجاگر کیا تھا جو کہ عالمی توجہ کا مرکز بن گیا۔
متاثرین میں ان کا اپنا خاندان بھی شامل ہے، جو مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں دہائیوں سے رہایش پذیر ہے۔