شام میں پھنسے 350 سے زائد پاکستانی بحفاظت لبنان کی سرحد پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے.
ذرائع نے بتایا کہ شہریوں کی بیروت سے واپسی شروع ہوگی۔شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے اقدامات شروع ہوگئے ہیں، ساڑھے تین سو سے زیادہ پاکستانی شام کے کشیدہ خطے سے نکل کر لبنانی سرحد ہر پہنچنے ہیں، پاکستانیوں کو بیروت سے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔وزیراعظم کی ہدایت پر سول ایوی ایشن خصوصی پروازوں کی اجازت دے گا۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ خصوصی پرواز 48 گھنٹوں میں بیروت سے پاکستانیوں کیلئے چلانے کا فیصلہ ہوا ہے، خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب سے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا میں تعاون کی درخواست کی تھی۔واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا جس میں لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔انھوں نے لبنان کےلیےجنگ بندی کےمعاہدے کا خیرمقدم کیا تھا اور فلسطینی عوام کےلیے بھی اسی طرح کے جنگ بندی معاہدے پر زور دیا تھا۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں لبنان کےعوام کیساتھ یکجہتی کیلئے کھڑی ہے۔