تلہ گنگ دھرتی کا قابلِ فخر سپوت
تحریر: شوکت علی ملک
ویسے تو راقم افسران کی قصیدہ گوئی کا سخت ترین ناقد ہے مگر کچھ فرض شناس عوام کے حقیقی خادم اور اپنی ڈیوٹی کو جہاد سمجھ کر بخوبی سرانجام دینے والے افسران جوکہ اپنے کام کی وجہ سے ایک منفرد پہچان رکھتے ہوں انکی قصیدہ گوئی بھی عین فرض ہوجاتی ہے کہ ان پہ قلم کشائی کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
آج ایسے ہی ایک قابلِ فخر سپوت کا آپ سے تعارف کروانا عین فرض سمجھتا ہوں جن کا تعلق شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین تلہ گنگ کے نواحی گاؤں متھرالہ سے ہے میری مراد "ملک حاکم خان” ہیں جوکہ اس وقت اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی تعینات ہیں اور اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دے رہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی ملک حاکم خان نے مختصر وقت میں قبضہ مافیا اور تجاوزات مافیا کو جو نتھ ڈالی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے، یہی وجہ ہے کہ راولپنڈی کا ہر شہری ملک حاکم خان کے نام سے نہ صرف واقف ہے بلکہ ان کے کام کی کھل کر تعریف کرتا ہے، تاجر برادری ہو یا عام شہری وہ ملک حاکم خان کو راولپنڈی شہر کےلیے فرشتہ تصور کرتے ہیں۔
ٹائم کی پابندی، وقت پر آفس آنا اور شہریوں کے مسائل کو بذات خود سننا اور موقع پر احکامات جاری کرنا ان کے معمول کا حصہ ہے، آفس ورک کے بعد روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کیخلاف آپریشن ہو، صفائی ستھرائی کے معاملات ہوں یا پھر سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کے حوالے سے 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کیخلاف کریک ڈاؤن ملک حاکم خان رات گئے تک عملے کے ہمراہ خود فیلڈ میں موجود رہتے ہیں۔
ویسے تو راقم کی ملک حاکم خان سے کوئی اتنی پرانی شناسائی نہیں مگر پہلی ملاقات میں ہی ان کی عاجزی انکساری اور انسانیت دوست رویے نے اپنا گرویدہ بنا لیا، ملک حاکم خان ینگ ہیں انرجیٹنگ ہیں ان کے اندر کام کرنے کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے، ان کی ایمانداری اور فرض شناسی کے باعث راولپنڈی کا ہر شہری ان کو اپنا محسن اور حقیقی خدمتگار سمجھتا ہے۔
گزشتہ دنوں راقم بن بتائے ملاقات کےلیے ان کے آفس پہنچا تو حسب معمول باہر بیھٹے عملے سے جب دریافت کیا کہ اے سی صاحب تشریف فرما ہیں تو انہوں نے تعارف پوچھا جس پر راقم نے کہا اور تو میرا کوئی تعارف نہیں، ہاں البتہ تلہ گنگ سے ہوں جس پر عملے نے بلاحیل و حجت دروازہ کھول کر کہا تلہ گنگ والوں کو تو کوئی رکاوٹ نہیں ہے آپ اندر چلے جائیے۔
راقم جب اندر پہنچا تو ملک حاکم خان صاحب حسب معمول عوامی مسائل سننے میں مشغول تھے، تلہ گنگ والوں کےلیے خصوصی آفر پر راقم نے کہا "واؤ بھائی ماشاءاللّٰہ تلہ گنگ والوں کیساتھ اتنی محبت کہ ان کےلیے بغیر رکاوٹ ہمہ وقت دروازے کھلے ہیں” کہنے لگے بھائی میرا اصل مقصد ہی عوامی خدمت ہے پھر راولپنڈی والے ہوں یا تلہ گنگ والے ہر خاص و عام کےلیے میرے دفتر اور دل کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں پر تلہ گنگ والوں سے تو خصوصی محبت ہے۔
دھرتی تلہ گنگ سے تعلق رکھنے والے قابلِ فخر سپوت ملک حاکم خان اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی کی اپنی دھرتی تلہ گنگ اور اہلیانِ تلہ گنگ سے محبت نے گویا دل موہ لیا ہے، دعا ہے رب تعالیٰ ہمارے قابلِ فخر بھائی، فرزند تلہ گنگ، فخر تلہ گنگ، دھرتی تلہ گنگ کے قابلِ فخر سپوت "ملک حاکم خان” کو مزید عزم و ہمت سے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ان کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار فرمائے اور یونہی ایمانداری اور لگن کیساتھ انسانیت کی خدمت جاری رکھنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین