اے آر رحمان جو کہ موسیقار ہونے کے ساتھ ساتھ گلوکار اور نغمہ نگار بھی ہیں ان کی بھارت سمیت پوری دنیا میں میوزک کی وجہ سے شہرت ہے۔ اے آر رحمان کا کام نئے آنے والوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ اے آر رحمان اس وقت ایک لیجنڈ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ ان کی اہلیہ سائرہ بانو جو کہ بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے علاقے کچھ سے تعلق رکھتی ہیں ، انہوں نے حال ہی میں چنئی میں منعقدہ ایوارڈ تقریب میں سٹیج پر آ کر بتایا کہ مجھے اپنے شوہر کی آواز بہت زیادہ پسند ہے ، ان کی آواز کی وجہ سے ہی مجھے ان سے محبت ہوئی ، ہماری شادی
گھر والوں کی رضا مندی سے ہوئی ہمارے تین بچے ہیں۔ ہم دونوں ایک بہت ہی خوشگوار زندگی بسر کررہے ہیں۔ لیکن جب سائرہ بانو سٹیج پر مدعو کی گئیں اور انہوں نے بولنا شروع ہی کیا تھا تو اے آر رحمان نے ان سے کہا کہ تامل زبان میں بات کرو، انکی اہلیہ نے کہا کہ مجھے تامل زبان پر عبور نہیں ہے لہذا میں انگلش میں ہی بات کر لیتی ہوں ، یوں انہوں نے انگریزی میں چند جملے بول کر دنیا کو بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ کتنی محبت کرتی ہیں۔