کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونوح میں 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس گئے گئے، جس کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 اور گہرائی 28 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا صوبائی آفاتِ ناگہانی سے نمٹنے کے ادارے (پی ڈی ایم اے) کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 21 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ پانچ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے مکانات گرنے کے مختلف واقعات میں چار افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پی ڈی ایم اے ذرائع کے مطابق موسیٰ خیل میں آنے والے زلزلے کے بعد علاقے میں امدادی کام شروع کر دیا گیاترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق نقصان کے اندازے کے لیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں، زیادہ نقصان سے بچاؤ کے لیے خیمے روانہ کر دیے گئے ہیں،تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حکام نے شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے پی ڈی ایم اے اور ریسکیو ادارے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بلوچستان کے ضلع بارکھان میں کوہِ سلیمان کے دامن سے متصل علاقوں رکھنی، چھپر، مہمہ، صمند خان اور رڑکن میں بھی اتوار کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

Shares: