اسلام آباد: جھوٹ سے فریب سے بچیں ایف بی آر نے خبردار کر دیا ، ایف بی آر نے انڈر انوائیسنگ اور درآمدی اشیاء کے غلط اعداد و شمار دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کاروباری برادری کو پیغام دیا ہے کہ وہ نہ صرف اسمگلنگ اشیاء کی تجارت سے باز رہیں بلکہ درآمدی اشیاء کی انڈر انوائیسنگ اور غلط اعداد و شمار دینے سے بھی گریز کریں۔ کوئی بھی ایسا کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیئر مین ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان کو اسمگلنگ اشیاء کی نقل و تجارت کی بدولت شدید معاشی خسارے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سے لوکل صنعت اور سرمایہ کاری کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔پاکستان اس نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا
شبر نے اس موقع پر مزید کہا کہ وزیراعظم نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے سخت کارروائی کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ پاکستان کسٹمز نے ان ہدایات کی تعمیل میں انفورسمنٹ ایکشنز کو مزید تیز کر دیا ہے۔