مقبوضہ کشمیر:4 سالوں میں 800 حریت پسندشہیدہوئے،شری پاڈنائیک کا لوک سبھا میںاقرار
نئی دہلی :بھارت کے دفاعی امور کے وزیر مملکت شری پاڈ نائیک نے لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں اقرار کیا ہے کہ پچھلے 4 سالوں میںبھارتی افواج نے 800 سے زائد کشمیری حریت پسند شہید کیے. وزیر مملکت کے مطابق 249کو صرف سال 2018میں ہلاک کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ سرحدوں پر دراندازی کے واقعات کو روکنے کی خاطر وزارت دفاع نے خصوصی اقدامات کئے ہیں جس کی رو سے نہ صرف فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا بلکہ نئی فینسنگ بھی نصب کی گئی ہے، لو ک سبھا میں ممبران کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں دفاعی امور کے وزیر مملکت ’’شری پاڈ نائیک ‘‘نے بتایا کہ ریاست جموںوکشمیر میں دن بدن حالات معمول پر آرہے ہیں
شری پاڈ نائیک نےکہاکہ ملی ٹینٹ تنظیموں میں حوصلہ شکنی پائی جارہی ہے۔ اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ سال 2014میں 104جنگجوئوں کو مار گرایا گیا، سال 2015میں 97، سال 2016میں 140جبکہ سال 2017میں 210عسکریت پسندوں کو تصادم آرائیوں کے دوران شہید کیا گیا۔ دراندازی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر تعینات فوج کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی حفاظتی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ہے اور فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مرکزی کی جانب سے دفاعی اخراجات میں اضافہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔