گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ رانا کامران اشرف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام "کھیلتا پنجاب” میں گوجرہ کے نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ نے ہاکی کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں "کھیلتا پنجاب” میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے گوجرہ کے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہمیشہ کھیلوں کے میدان میں اپنا لوہا منواتا رہا ہے۔
تقریب میں بتایا گیا کہ تحصیل گوجرہ سے ہاکی کھلاڑیوں نے "کھیلتا پنجاب” کے تحت ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈسٹرکٹ فیصل آباد دونوں میں فرسٹ پرائز حاصل کیا جبکہ وومین ہاکی ٹیم فیصل آباد ڈویژن سے رنر اپ رہی۔
تقریب میں انٹرنیشنل کھلاڑی خاور جاوید، محمود احمد اور محمد مالک ملک سمیت دیگر کھلاڑیوں اور شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی کامیابیوں کو گوجرہ کی روایت کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے پروگرامز سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے۔