حافظ آباد(باغی ٹی وی،خبرنگارشمائلہ) اوور اسپیڈنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کی جدید ٹیکنالوجی سے کارروائیاں جاری
حافظ آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے، حافظ آباد ٹریفک پولیس نے اوور اسپیڈنگ کے خلاف جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں کے ذریعے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ یہ اقدامات شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد، عاطف نذیر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ہائی ویز سمیت تمام اہم شاہراہوں پر اوور اسپیڈنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹریفک پولیس جدید کیمروں کے ذریعے گاڑیوں کی رفتار کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور مقررہ حد سے تجاوز کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف فوری چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف قانون شکنی کی روک تھام ہے بلکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور سڑکوں کو محفوظ بنانا بھی ہے۔
ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر نے اپنے بیان میں کہا کہ "اوور اسپیڈنگ ایک سنگین جرم ہے جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے رفتار کی حد کا احترام کریں، ٹریفک قوانین پر عمل کریں، اور اپنے ساتھ دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔