ہسپتالوں سے فضلہ تلف کرنے سے متعلق ڈی جی ہیلتھ سروسز نے نئی ہدایات جاری کر دیں
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد کی ہدایت پر ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیرنے پنجاب کے تمام نجی ہسپتالوں سے فضلہ کو تلف کرنے کی روزانہ کی بنیاد پررپورٹ مرتب کرنے کا حکم دیا ہے،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ہارون جہانگیرنے یہ احکامات ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز اور ہیپاٹائٹس انفیکشن کنٹرول پروگرام کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ہسپتالوں کے فضلہ کو تلف کرنے کے حوالہ سے منعقدہ اہم کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جاری کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود، ڈاکٹر شعیب گرمانی، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر فیاض بٹ، ڈاکٹر مشتاق سلہریا اور ڈاکٹر یداللہ سمیت شرکاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہہسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کا دائرہ کار دیہی اور بنیادی صحت مراکز تک بڑھایاجائے گا۔ہیلتھ کیئر کمیشن کے ذریعے تمام نجی ہسپتالوں اور کلینکس سے فضلہ تلف کرنے کے حوالہ سے مشاورت اور اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
سی ای او ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر مشتاق سلہریا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہسپتالوں کے فضلہ کو ایس او پی کے مطابق تلف کرنے کے حوالہ سے ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ ساتھ باقی منسلک اداروں کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ نجی ہسپتالوں و کلینکس سے فضلہ کو تلف کرنے کے حوالہ سے سوفیصد عمل درآمد کروایا جائے گا۔