امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر سعودی عرب، بحرین اور کویت نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
سعودی عرب نے ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ بحرین اور کویت میں بھی ہنگامی حفاظتی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔ سعودی حکام نے تمام حساس اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے اور موجودہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ تاہم اب تک سعودی حکومت کی طرف سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
بحرین: دفاتر اور تعلیمی ادارے بند
بحرین، جو کہ امریکا کے پانچویں بحری بیڑے کی میزبانی کرتا ہے، نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ہنگامی سروسز کی روانی برقرار رہے۔وزارت داخلہ کے مطابق 70 فیصد سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔تمام اسکول، کالج، جامعات اور نرسریاں آن لائن تدریس پر منتقل کر دی گئی ہیں۔
ملک بھر میں 33 ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔نیشنل سول ایمرجنسی سینٹر کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔وارننگ سائرن سسٹم کا کامیاب تجربہ بھی کیا گیا۔
کویت: سرکاری اداروں میں ایمرجنسی پناہ گاہیں
کویت نے بھی خطرات کے پیش نظر وزارتِ انصاف، وزارتِ خزانہ اور دیگر اہم سرکاری اداروں میں ہنگامی پناہ گاہیں قائم کر دی ہیں، تاکہ کسی ممکنہ حملے یا خطرے کی صورت میں فوری ردعمل ممکن ہو۔
واضح رہے کہ خطے میں سیکیورٹی صورت حال انتہائی حساس ہو چکی ہے، اور خلیجی ریاستیں ممکنہ جنگی اثرات سے بچنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کر رہی ہیں۔
او آئی سی اعلامیہ جاری، اسرائیلی جارحیت کی مذمت، کشیدگی کم کرنے کے لیے وزارتی گروپ قائم
قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا، بڑے فیصلوں کا امکان