کوہ سلیمان رینج میں بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے ڈیم بنانے کا منصوبہ

0
39

کوہ سلیمان رینج میں بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے ڈیم بنانے کا منصوبہ۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چھوٹے ڈیم بنانے کیلئے فزیبلٹی اور انجینئرنگ سٹڈی پر کام شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا،سیکرٹری آبپاشی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، نیسپاک کے ماہرین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی.

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ماہرین نے کوہ سلیمان میں چھوٹے ڈیمز بنانے کیلئے 14 مقامات کی نشاندہی کا کام مکمل کر لیا۔ پہلے مرحلے میں 5 مقامات ہاتھی ماڑ، جلیبی موڑ، فاضلہ چوکی اور فورٹ منرو میں 2 مقامات پر سمال ڈیمز کی تعمیر کیلئے ضروری امور طے کئے جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف بارشوں کے دوران طغیانی سے ہونے والے نقصان پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ علاقے کے لوگوں کو پینے کا پانی بھی میسر آئے گا۔ سمال ڈیمز کی تعمیر سے فصلوں کیلئے بھی پانی دستیاب ہوگا۔ہر سال موسم برسات میں بارشوں کا پانی ندی نالوں میں جا کر ضائع ہوتا ہے۔ اس پانی کو محفوظ کرکے استعمال میں لانا بہت ضروری ہے۔محکمہ آبپاشی اور ماہرین مل کر سمال ڈیمز کی تعمیر کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھائیں۔کوہ سلیمان رینج میں 5 مقامات پر فی الفور کام کا آغاز کیا جائے۔ ان ڈیمز کی تعمیر سے علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

 

حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کے لئے غیر ملکی فرم سے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان ڈیموں میں پانی ذخیرہ ہونے کی مقدار کا تعین فزیبلٹی سٹڈی میں کیا جائے گا۔ اس کے لئے صوبائی حکومت نے فنڈز مختص کردیئے ہیں۔ اس سلسلہ میں تمام ذمہ داری محکمہ آبپاشی کو سونپی گئی ہے ۔

 

محکمہ آبپاشی کو پنجاب میں 14 چھوٹے ڈیمز بنانے کے لئے رواں سال بھی پنجاب حکومت نے تین ارب 41 کروڑ 68 لاکھ روپے فراہم کررکھے ہیں۔ جس سے رواں مالی سال کے دوران تین ڈیمز مکمل کئے جائیں گے جبکہ دیگر 11 ڈیمز کو فنڈز کی دستیابی سے مشروط کیا گیا ہے ۔ جن تین ڈیمز پر کام جاری ہے ان میں سے راولپنڈی میں ڈڈھوچہ ڈیم کی تعمیر رواں ماہ میں شروع کی جائے گی۔

پنجاب حکومت نے پہلی بار جنوبی پنجاب میں چھوٹے ڈیمز بنانے کے لئے فنڈز مختص کررکھے ہیں جن پر ابتدائی کام جاری ہے ۔ تاہم ابھی تک راولپنڈی کے ڈڈھوچہ ڈیم کے علاوہ دیگر کسی ڈیم کے لئے رقم جاری نہیں ہوسکی ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ آبپاشی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے دیگر ٹیموں کے تعمیر اور پانی ذخیرہ کرنے کی مقدار کا تعین کرنے کیلئے ڈیموں کے حوالہ سے کروائی جانے والی فزیبلٹی رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

Leave a reply