پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی کمیونٹی کو کرسمس مبارک باد پیش کی ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرسمس خوشی، ہمدردی اورغور و فکر کا موقع ہے۔ یہ ہمیں محبت، امن اور ہم آہنگی جیسے اقدار کی یاد دلاتی ہے، جو عالمگیر ہیں اور تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
اس خاص دن پر، میں مسیحی برادری کو اپنی گرمجوش مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کی خوشحالی اور خوشی کے لیے دعاگو ہوں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ جامعیت اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے اصولوں پر قائم رہی ہے، خواہ ان کا مذہب، نسل یا پس منظر کچھ بھی ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور باہمی احترام و اتحاد کے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ہم ایسے پاکستان پر یقین رکھتے ہیں جہاں ہر شہری خوف یا امتیاز کے بغیر اپنے عقیدے کا جشن منا سکے۔ انہوں نے پاکستان کی مسیحی برادری کی تعلیم، صحت، اور قوم کی تعمیر میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمارے ملک کی ترقی میں ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔ ان کی محنت اور حب الوطنی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاکستانی مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ رحمدلی، سخاوت اور امید کو اپنائیں جو کرسمس کی روح ہے۔ آئیے ہم سب مل کر ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جو رواداری اور ہمدردی کی حقیقی روح کی عکاسی کرے۔