ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کے ملازمین جنہوں نے بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کی، گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ روزمرہ زندگی کے اخراجات پورے نہ ہونے سے ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب ہمیشہ مسائل کا شکار رہی ہے، جہاں کبھی فنڈز کی کمی تو کبھی اضافی اخراجات کا بہانہ بنایا جاتا ہے۔ چیف آفیسر کی جانب سے تاحال کوئی عملی اقدام نہ ہونے سے ملازمین کے مسائل حل نہیں ہو سکے۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ ان کی مالی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ دوکانداروں نے راشن دینا بند کر دیا ہے۔ ملازمین نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر تین ماہ کی تنخواہیں ادا کی جائیں تاکہ ان کے معاشی مسائل حل ہو سکیں اور قرضوں کے بوجھ سے نجات مل سکے۔