جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے معاملے پریورپی یونین کے مانیٹرنگ مشن نے پنجاب سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہونے والےاجلاس میں شرکت کی، چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل نے مشن کو نوترجیحی شعبوں سے متعلق صوبائی حکومت کے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ مشن نے صوبے میں انسانی حقوق، چائلڈ لیبر، لیبر رائٹس، ماحولیاتی تحفظ سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین سے شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جی ایس پی پلس اسٹیٹس پاکستان کی معیشت کیلئے نہایت فائدہ مندہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ2014میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس ملنے کے بعد پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک آسان رسائی ملی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد کے سلسلے میں متعلقہ قوانین کا نفاذ یقینی بنا رہی ہیں۔
چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ میں انسانی حقوق، لیبر رائٹس، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ لیبر انسپکشنز کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید نظام وضع کیا گیا ہے۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں چائلڈ لیبر سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے بتایا کہ ملزمان پر پولیس کی حراست میں تشدد کے سلسلے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ مقدمات سائنسی بنیادوں پر تفتیش کیلئے پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی سے مدد لی جاتی ہے۔
چیف سیکریٹری نے مشن کو ہیومن،وویمن، منارٹی رائٹس، سوشل ویلفیئر سے متعلق کئے جانیوالے خصوصی اقدامات بارے بھی آگاہ کیا۔ مشن نے بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد کے سلسلے میں پنجاب حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ مشن میں یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس اور یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے تجارت، روزگار، سماجی امور کے حکام شامل تھے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ہیومن رائٹس، لیبر، ماحولیات اور متعلقہ محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی.