آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا ہے کہ تھانہ نیو ٹاؤن راولپنڈی میں آر آئی یو جے کے صدر طارق ورک کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ پر ہمیں انتہائی افسوس ہے تاہم تھانہ نیو ٹاؤن راولپنڈی کے ایس ایچ او طیب کو معطل جبکہ محرر کیخلاف چارج شیٹ کر دی گئی ہے،
یہ بات انہوں نے منگل کے روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور پی آئی او مبشر حسن کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر صدر پی ایف یوجے افضل بٹ ، صدر آر آئی یو جے طارق ورک ، سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیّر علی ، سینئر نائب صدر احتشام الحق، پی آر آے کے صدر عثمان خان ، جنرل سیکرٹری نوید اکبر اور صحافتی قیادت سے ملاقات کے دوران بتائی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میں نے اور آر پی او راولپنڈی بابا سرفراز الپا نے تو یہ پیشکش بھی کی تھی کہ اس ناخوشگوار واقعہ پر معذرت کیلئے ہم طارق ورک کے گھر جانے کیلئے بھی تیار ہیں لیکن ان کی تجویز پر ہم پریس کلب حاضر ہو گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ طارق ورک صحافتی تنظیم کے صدر اور عامل صحافی کے طور پر اچھی شہرت کے حامل ہیں اسلئے ان سمیت تمام صحافی برادری کی عزت و احترام پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی نے مزید کہا کہ صدر آر آئی یو جے طارق ورک کے ساتھ تھانہ نیو ٹاؤن میں ناخوشگوار معاملے کو فوری حل کرنا چاہتے تھے لیکن چند وجوہات کی بنا پرایسا نہیں ہو سکا لیکن اب ایس ایچ او نیو ٹاؤن کو معطل کردیا ہے اور محرر کو چارج شیٹ کیا جا چکا ہے جبکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس افسران اور صحافتی برادری پر مشتمل اعلی سطحی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا صدر آر آئی یو جے طارق ورک سے بغلگیر ہوے، انہیں گلے لگاتے ہوے ان کی دلآزاری پر معذرت کی۔
اس موقع طارق ورک نے کہا کہ ہم گاؤں کے رہنے والے لوگ ہیں جب کوئی چل گھر آئے تو پھر ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم اپنے آنے والے مہمان کا احترام نہ کریں ، ہماری علاقائی اور خاندانی روایت تو یہ ہے کہ کوئی قاتل بھی چل کر گھر آ جائے تو قتل بھی معاف کر دیا جاتا ہے اسلئے آپ سب حضرات کی آمد پر میں بھی دل سے درگزر کرتا ہوں۔ پی آئی او مبشر حسن نے اس موقع پر کہا کہ طارق ورک نے جس بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے اس پر میں اس کا شکر گزار ہوں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ ، پی آئی او مبشر حسن اور صحافتی لیڈر شپ نے ناخوشگوار واقعہ کے حل کیلئے آر پی او بابر سرفراز الپا کی کاوشوں کو سراہتے ہوے ان کا شکریہ ادا کیا۔








