سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی دستاویزات بنانے والے پولیس ملازم سمیت 5 ملزمان گرفتار

تفصیل کے مطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پنجاب پولیس کومطلوب ملزم اورجعلی دستاویزات بنانے والے پولیس ملازم سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں خرم سجاد، آصف علی، اویس علی، حمزہ فاروق اور انور حیدر شامل ہیں۔ ملزم خرم سجاد فلائٹ نمبر FZ338 کے ذریعے دبئی فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کے خلاف دہشتگردی اور دیگر دفعات کے تحت تھانہ پھلورہ میں مقدمہ درج ہے۔ ملزم سال 2023 سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا اور اس کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل ہے۔

ایک اور کارروائی میں باکو جانے والے 3 مسافروں آصف علی، اویس علی اور حمزہ فاروق کو اسٹڈی ویزے پر جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر باکو کے اسٹڈی ویزے حاصل کیے تھے۔

ملزمان کی نشاندہی پر جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث ایجنٹ انور حیدر کو بھی ائرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انور حیدر پنجاب پولیس کا ملازم ہے اور اس نے بیرون ملک جانے والے ملزمان کو جعلی تعلیمی ڈگریاں بنوا کر دی تھی۔ ملزم نے بیرون ملک ملازمت کے نام پر فی کس 8 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

Shares: