تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)ابرار لاشاری قتل کیس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر قابو پانے کے لیے ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب پٹھان نے ایس ایس پی کشمور زبیر نظیر شیخ اور ڈی سی کشمور آغا شیر زمان کے ہمراہ تنگوانی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران مقتول کے ورثاء، اسپتال انتظامیہ، اور پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے انکشاف کیا کہ اس وقت ضلع کشمور میں صرف دو مغوی ڈاکوؤں کی قید میں ہیں جن کے بارے میں اب تک کسی قسم کی کوئی کال یا مطالبہ موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے وہ خود تنگوانی آئے ہیں اور اس مسئلے پر جلد کنٹرول کر لیا جائے گا۔
ابرار لاشاری کے قتل کو پولیس پر ڈاکوؤں کا حملہ قرار دیتے ہوئے ڈی آئی جی نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث مجرموں کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی ڈاکو خود کو قانون کے حوالے کرنا چاہے تو پولیس اس کا خیرمقدم کرے گی۔ خودسپردگی ان کے لیے بہتر راستہ ہے تاکہ وہ جرم کی زندگی چھوڑ کر ایک نئی اور بہتر زندگی کا آغاز کر سکیں۔
ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے واضح کیا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور پولیس مکمل عزم و سنجیدگی کے ساتھ مجرموں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔