احمد پور شرقیہ: ڈینگی مہم میں کارروائی، دو دکانوں پر جرمانہ عائد
اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تحصیل احمد پور شرقیہ میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی مہم جاری ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور فوکل پرسن ڈینگی، عمران حیدر سیال نے کارروائی کرتے ہوئے خان جوس اینڈ ملک شیک شاپ اور شاکر جوس ملک شیک پر چھاپا مارا۔
شاپ کا لائسنس ایکسپائر ہونے اور ڈینگی کے حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی پر مالک کو نوٹس جاری کیا گیا اور 2500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
عمران حیدر سیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ڈینگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور تمام کاروباری اداروں کو حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور پانی کے جمع ہونے کو روکیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہو۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تحصیل میں چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے گا تاکہ شہریوں کی صحت محفوظ بنائی جا سکے۔ عوامی تعاون کو مہم کی کامیابی کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔