تمام ہسپتالوں میں کتے اور سانپ کاٹنے کی ویکسین کی موجودگی یقینی بنائی جائے

0
61

عمرکو ٹ۔ (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور چاروں تعلقوں کے ایم ایس اپنے رابطوں کو موثر بنائیں، رابطے نا ہونے کی وجہ سے کئی مسائل جنم لیتے ہیں اور تمام ویکسین موجود ہونے کے باوجود سندھ حکومت پرآپ لوگوں کی وجہ سے سخت تنقید کی جاتی ہے اور ضلع عمرکوٹ کے تمام ہسپتالوں میں کتے کاٹنے کی ویکسین(اے آروی) اورسانپ کاٹنے کی ویکسین (اے ایس پی) کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور اگر کوئی بھی بچہ کتے کاٹنے کی ویکسین سے محروم رہا یا پھر اس میں کوئی بھی کوتاہی یا غفلت ہوئی تو ان کے زمہ دار متعلقہ تعلقہ کا ایم ایس اور اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفیس کے دربار ہال میں صحت کے حوالے سے منعقد کردہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمرکوٹ ڈاکٹر الھداد اور چاروں تعلقوں کے ایم ایس سے صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کتے کاٹنے اور سانپ کاٹنے کی ویکسین کی موجودگی کے حوالے سے عام لوگوں کو آگاہی دی جائے اور سائین بورڈ اور پینافلیکس تمام میڈیکل سینٹروں پر لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امپرومینٹ آف ہیلتھ سکیٹر کے حوالے سے واٹس اپ گروپ بنایا جائے جس پر روزانہ کی بنیاد پر صحت کے حوالے سے تمام مسائل اجاگر کئے جائیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے اور رات کے اوقات میں اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کیس سے فوری طور پر نمٹا جا سکے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کوبھی یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے پی پی ایچ آئی،آئی ایچ ایس، آئی ایچ ایچ کے اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور موبائل ہیلتھ یونٹ کی او پی ڈی کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ارسال کرنے کے احکامات جاری کئے۔

Leave a reply