تھائی لینڈ پنجاب میں چاول اور گندم کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے پاکستان سے تعاون کرے گا
فیصل آباد۔ (اے پی پی) تھائی لینڈپنجاب میں چاول اور گندم کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بھر پور تعاون کرے گا جبکہ اس ضمن میں تھائی انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن، محکمہ زراعت پنجاب کو تمام ممکن معاونت فراہم کرے گی نیز چاول وگند م کی پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی ریسرچ کے اداروں کے ساتھ مل کر نئی تحقیق کے ذریعے گندم اور چاول کی ایسی اقسام بھی تیار کی جائیں گی جو کم وقت میں زیادہ پیداوار دینے سمیت مختلف بیماریوں، کیڑے مکوڑوں کے حملوں کے خلاف شاندار قوت مزاحمت و مدافعت کی حامل ہوں اور ان پر موسمی تغیرات بھی اثر انداز نہ ہوسکیں۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں تھائی لینڈ کے ماہرین زراعت اور زرعی اداروں کے تجربات سے بھی بھر پور استفادہ یقینی بنایاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن تھائی لینڈ کے زرعی ماہرین کی اعلیٰ سطحی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی اور ٹیم کے ارکان زرعی تحقیق میں بھر پور مدد فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے نہ صرف پنجاب میں چاول اور گندم کی پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ بھر پورزرمبادلہ بھی کمایا جا سکے گا۔