سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال کی سربراہی میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی خصوصی ہدایت پر کیے گئے اس آپریشن کے دوران پانچ دکانوں کے سامنے قائم ناجائز تھڑے گرا دیے گئے جبکہ مختلف سڑکوں پر تجاوزات میں ملوث 20 افراد کا سامان موقع پر قبضے میں لے لیا گیا۔
انتظامیہ نے کارروائی کے دوران آٹھ تجاوز کنندگان پر مجموعی طور پر 32 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے۔ متعدد افراد کو آئندہ کے لیے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ سرکاری راستوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ بندیال نے کہا کہ تجاوزات شہریوں کے لیے مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتی ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور ہموار آمد و رفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔








