ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فیصل آباد میں زگ زیگ ٹیکنالوجی والا اینٹوں کا بھٹہ فنکشنل ہوگیا

0
53

فیصل آباد ( محمد اویس) حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فیصل آباد میں مکوانہ کھرڑیانوالہ بائی پاس روڑ پر زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جانے والا اینٹوں کا بھٹہ فنکشنل ہوگیا ہے۔ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد اور ایس پی سپیشل برانچ انجم کمال نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کئے گئے بھٹہ کے مقام کا دورہ کرکے ٹیکنالوجی کے فوائد سے آگاہی حاصل کی۔بھٹہ مالک حافظ عثمان نے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے دھوئیں کے اخراج میں 40 فیصد کمی آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی والا بھٹہ سفید دھواں خارج کرتا ہے جو سیاہ دھوئیں کے مقابلے میں کم نقصان دہ ہے۔ انہوں نے بھٹہ کے مقام کا دورہ کرنے پر ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد،ایس پی انجم کمال ودیگر کا شکریہ ادا کیا۔ایڈیشنل کمشنر نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے اور شہریوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے حکومتی سطح پر موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرانا بھی انہی اقدامات کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیگر بھٹہ مالکان کو بھی اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے آلودگی کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ایس پی نے کہا کہ سموگ کے باعث دمہ، سانس کی بیماریاں، آنکھوں کی انفیکشن اور پھیپھڑوں کی بیماریاں پیدا ہورہی ہیں اورزگ زیگ ٹیکنالوجی کی بدولت فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔

Leave a reply