پی ایچ ایف ایم سی کے ملازمین اور پنجاب حکومت۔۔۔!!!

پی ایچ ایف ایم سی کے ملازمین اور پنجاب حکومت۔۔۔!!!
تحریر : شوکت ملک
پی ایچ ایف ایم سی اور آئی آر ایم این سی ایچ کے ملازمین جوکہ پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت میں تقریباً 10 سال سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں جن میں ایل ایچ ویز، آیا اور سیکورٹی گارڈز شامل ہیں، پنجاب بھر میں مختلف جگاہوں پر دور دراز علاقوں میں اپنی خدمات سر انجام دینے والے ملازمین کو گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہیں نہیں مل پارہی، جس کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنا شروع ہوچکے ہیں، مگر حکومت پنجاب بےحسی کے چادر اوڑھے خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، یی ایچ ایف ایم سی ملازمین اپنے جائز حقوق کے مطالبات کےلیے مال روڈ، پنجاب اسمبلی، سی ایم ہاؤس سمیت متعدد جگہوں پر کئی بار احتجاج اور دھرنا دے چکے ہیں مگر ہر بار ایک جھوٹا وعدہ کرکے ملازمین کو ٹال دیا جاتا ہے، اور عارضی کنٹریکٹ کو بڑھا کر ایک مرتبہ پھر بیچارے ملازمین کو ذلیل و خوار کیا جاتا ہے، ملازمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال فروری میں بھی پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیا تھا اور اس وقت 15 دنوں میں ریگولر کرنے کی سمری وزیراعلٰی پنجاب کو پیش کرنے اور کابینہ سے منظوری لینے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر تقریباً 2 سال گزرنے کے باوجود تاحال اس پر عملدرآمد نہیں کیا جاسکا بلکہ عارضی کنٹریکٹ دے کر 6/6 ماہ کی تنخواہیں روک لی جاتی ہیں جس سے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے، مگر محکمہ صحت اور حکومت پنجاب ٹس سے مس نہیں ہے۔ پریشان ملازمین اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے ایک مرتبہ پھر لاہور میں دھرنا دے کر بیٹھ گئے ہیں، غربت کی ماری لاچار و مجبور خواتین، اور بوڑھے بزگ کھلے آسمان تلے بیٹھ کر اپنے حقوق کی فریاد کر رہے ہیں مگر ان کی فریاد سننے والا کوئی نہیں، موجودہ پنجاب حکومت ملازمین کے جائز حقوق ماننے کی بجائے ان کو منتشر کرنے کا پلان بنا رہی ہے، کیا مملکت خداداد میں اپنا جائز حق مانگنا بھی جرم بن چکا ہے؟ کیا ہمارے حکمران اتنے بے حس اور مفاد پرست ہوچکے ہیں جو اپنے مفادات کےلیے بلز اور سمریز تو بغیر کسی قانون اور قاعدے کے راتوں رات سرکولیشن کے ذریعے بھی کابینہ سے منظور کروا لیتے ہیں مگر اپنے بچوں کےلیے روزی روٹی کمانے والے نچلے درجے کے ملازمین کو ان کا جائز حق دینے سے گریزاں ہیں، ایسے میں کیا ایک بار پھر پنجاب حکومت کابینہ میٹنگ میں سمری منظوری کا چکمہ دے کر ملازمین کو ذلیل و خوار کرنے کا پلان کر رہی ہے اگر اب کی بار ایسا کیا گیا تو اس سے بڑا کوئی ظلم نہ ہوگا، پوری پنجاب حکومت اور خصوصاً وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ غریب ملازمین کو ان کا حق مل سکے۔

Leave a reply