ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر شاہد خان) عوام کو ملاوٹ سے پاک اور محفوظ دودھ کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح قرار دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز حبیب الرشید کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوٹ چھٹہ میں ملک شاپ پر بڑی کارروائی کی۔

معائنے کے دوران 1 ہزار لٹر غیر معیاری دودھ تلف کر دیا گیا، جبکہ چلر، فریزر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران شاپ مالک موقع سے فرار ہو گیا تاہم دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دکان کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے شاپ کی پروڈکشن کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق لیب رپورٹ موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں دودھ کو فوڈ اتھارٹی کے معیار کے مطابق غیر معیاری قرار دیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کی ٹیمیں دن رات عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو ملاوٹ سے پاک اشیائے خورونوش فراہم کی جا سکیں۔

Shares: