اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے11روز:غزہ ، بربادی اور تباہی کی تصویر بن گیا:جانیں بھی گئیں جہان بھی گیا
مقبوضہ بیت المقدس :اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے11روز:غزہ ، بربادی اور تباہی کی تصویر بن گیا:جانیں بھی گئیں جہان بھی گیا ،اطلاعات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی 11 روزہ جارحیت میں کم سے کم 30 طبی مراکز تباہ ہوئے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی 11 روزہ جارحیت اور بربریت کے دوران غزہ کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا اور غزہ بربادی اور تباہی کی تصویر بن گیا، جا بجا بربادی کے مناظر ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے 450 سے زائد بڑی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں ۔ صہیونی فورسز نے ایک ہزار 335 گھروں کو تباہ کردیا، 13 ہزار کو جزوی نقصان پہنچا، 50 سے زائد اسکول تباہ ہو گئے، ڈھائی لاکھ لوگوں کو پانی کی فراہمی بند ہو گئی۔
اقوام متحدہ کے مطابق 90 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے، غزہ میں قائم صحت کے نظام کو زبردست نقصان پہنچا، اسرائیل نے غزہ میں قائم صنعتی زون کو بھی تباہ کر دیا۔ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں غزہ کو 322 ملین ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔
غزہ پر قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی 11 روزہ جارحیت میں 243 فلسطینی شہید ہوئے کہ جن میں 69 بچے اور 39 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ایک ہزار 910 افراد زخمی ہوئے۔
ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے مظالم سے 4 بچوں سمیت 25 افراد شہید اور کم از کم 4 ہزار زخمی ہوئے۔