قتل، خود کشی یا اتفاقی حادثہ بھارتی شہر جودھپور میں پاکستان سے آئے 11 ہندو مہاجرین کی موت معمہ بن گئی۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جودھ پور کے علاقے اچلاوتہ میں تھانہ ڈھیچو کی حدود میں گھر کے ایک ہی کمرے میں ملنے والی 5بچوں، 4عورتوں اور 2 مردوں کی لاشوں نے علاقے میں کہرام مچادیا۔ یہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ زہریلی گیس کے اخراج سے دم توڑ گئے کیونکہ یہ واقعہ جس علاقے میں پیش آیا ہے اس میں کیڑے مار ادویات کی بو آ رہی ہے۔ تاہم پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور علاقے کے مکینوں کو کوئی بھی بیان دینے سے روک دیا ہے۔ میڈیا والوں کی وہاں تک رسائی روکنے سے معاملہ مشکوک ہوگیا ہے
یہ خاندان پاکستان کے صوبہ سندھ سے آیا تھا اور ہندوستان میں اپنی شہریت حاصل کرنے کا منتظر تھا۔ گذشتہ رات گھر پر نہ ہونے کے سبب کنبہ کاایک رکن اس سانحے سے بچ گیا۔ مرنے والے تمام افراد 2012 میں سندھ سے بھارت گئے تھے۔

Shares: