اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں محرم الحرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی مجلس عاملہ کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔

صدر مجلس عاملہ سید کوثر رضوی نے اجلاس کے دوران ضلع بھر میں محرم الحرام کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی تفصیلات سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر انجینئر احتشام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے محرم کے دوران ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کیلئے جامع پلان تیار کر لیا ہے، جس کے تحت اے کیٹیگری کی مجالس و جلوسوں کیلئے ریسکیو پوسٹس، موٹر بائیک سروسز اور میڈیکل کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

یومِ عاشورہ کے موقع پر خصوصی طور پر جلوسوں کے راستوں پر ریسکیو اسٹاف تعینات کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ ریسکیو رضاکاروں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ ہنگامی حالات میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر صدر مجلس عاملہ اور دیگر شرکاء نے ریسکیو 1122 کی جانب سے کیے گئے مثالی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

Shares: