سوات میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال، کئی سیاح پھنس گئے
سوات،مختلف مقامات پر ریلوں میں 70 افراد پھنس گئے تھے، مختلف مقامات پر ریلوں میں پھنسے 55 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ،سوات سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں سیالکوٹ سے سیاحت کے لیے آئے ایک خاندان کے 18 افراد تیز بارش کے باعث دریا کے شدید بہاؤ میں بہہ گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ خاندان سیالکوٹ سے سوات کی سیاحت کے لیے آیا تھا۔ یہ لوگ دریا کے کنارے بیٹھ کر ناشتہ کر رہے تھے کہ اچانک بارش شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے دریا میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ گئی اور بہاؤ اتنا شدید ہو گیا کہ خاندان کے 18 افراد پانی میں بہہ گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ تقریباً 8 بجے کے قریب ڈوبنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اس مقام پر بائی پاس پر کئی مہمان موجود تھے جو دریا کے کنارے بیٹھے تھے اور انہیں پانی کی تیز لہر کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ اب تک 3 افراد کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے جبکہ 5 لاشیں بھی برآمد ہو چکی ہیں۔ باقی مفقود افراد کی تلاش جاری ہے اور ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور بارش کے دوران دریا کے قریب نہ جائیں۔مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ مزید جانی نقصان کو روکا جا سکے اور تمام مفقود افراد کو بازیاب کرایا جا سکے۔
ایک سیاح نے کہا کہ ان کے خاندان کے 10 افراد دریا میں بہہ گئے جن میں سے ایک خاتون کی لاش مل گئی ہے اور 9 بچوں کی تلاش جاری ہے،سیاح نے بتایا کہ ہم ناشتہ کرکے چائے پی رہے تھے اور بچے دریا کے پاس سیلفی لینے گئے، اس وقت دریا میں اتنا پانی نہیں تھا، اچانک سے پانی آیا تو بچے پھنس گئے، ریسکیو کو آگاہ کیا تو وہ ڈیڑھ سے 2 گھنٹے بعد آئے، یہ سب ان کے سامنے ہوا، ریسکیو کی موجودگی میں بچے دریا میں ڈوبے اور وہ بچا نہیں سکے۔
علی امین گنڈا پور گیارہ کروڑ کے بسکٹ کھا سکتے ہیں مگر سیلاب میں پھنسے 15 افراد کو نہیں بچا سکے۔پیپلز پارٹی
پیپلزپارٹی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی ناکامی ، علی امین گنڈا پور گیارہ کروڑ کے بسکٹ کھا سکتے ہیں مگر سیلاب میں پھنسے 15 افراد کو نہیں بچا سکے۔ افسوسناک واقعہ، دریائے سوات میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد سیلابی ریلے میں ڈوب گئے، کئی گھنٹے امداد کے منتظر رہے۔
https://x.com/PPPKP_Official/status/1938498292801016210
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں4 مقامات پر سیلاب وارننگ جاری کر دی گئی،دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکاڈ کیا گیا،تربیلہ ، وارسک اور ادینزئی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےدریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی ریلے میں سیاحوں کی اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے،وزیرِ اعظم نے جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے،وزیرِ اعظم نے واقعے میں لاپتہ افراد کی جلد تلاش مکمل کرنے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے NDMA، انتظامیہ و ریسکیو اداروں کو دریاؤں و ندی نالوں کے قریب حفاظتی تدابیر مزید مربوط بنانے کی ہدایت کی،
پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود ریسکیو1122 کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نےسوات واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے ، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلے کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہےکہ دریائے سوات میں سیلابی ریلے میں متعدد افراد بہہ گئے ہیں، ریسکیو1122 اور ضلعی انتظامیہ کا مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے، اب تک مختلف مقامات سے 4 جسد خاکی نکالے گئے ہیں، پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود ریسکیو1122 کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں،ریسکیو1122 کو مزید کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریسکیو1122 تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام افراد کو جلد از جلد نکالے، بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متعلق پہلے ہی الرٹ جاری کیے گئے، انتظامیہ سیاحوں اور مقامی افراد کو ان الرٹ پر عملدرآمد یقینی بنائے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ سخت ترین اقدامات کرے،








