رحیم یار خان، گلشن اقبال کے علاقے میں ایک 13 سالہ گھریلو ملازمہ سمیہ نامی بچی مبینہ طور پر میاں بیوی کے تشدد کا نشانہ بن کر جاں بحق ہوگئی ہے۔
ڈی پی او عرفان سموں نے بتایا کہ سمیہ نواحی علاقے کوٹلہ پٹھان کی رہائشی تھی اور گزشتہ تین سال سے شہرام نامی شخص کے گھر میں ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کی موت شدید تشدد کے باعث ہوئی، اور واقعہ کی اطلاع بچی کی والدہ کو رات کے اندھیرے میں دی گئی۔ لاش کو کفن میں لپیٹ کر ماں کے حوالے کیا گیا، جہاں والدہ نے دیکھا کہ سمیہ کے جسم پر تشدد کے واضح نشان موجود تھے۔بچی کی ماں کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور فرار ہونے والے ملزم میاں بیوی کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او عرفان سموں نے مزید بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے جسم پر سر سے لے کر پیروں تک بدترین تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بچی کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اب ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ اس المناک واقعہ کی تمام جہتوں کو سامنے لایا جا سکے۔








