ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، عبدالغفار چوہدری کی رپورٹ)موڑ کھنڈا میں کرمانی ویلفئیر فاؤنڈیشن کے زیرِاہتمام 13ویں کرمانی ٹیلنٹ ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، صدارتی ایوارڈ یافتہ کالم نگار و مصنف سجاد جہانیہ، معروف ادبی شخصیت عابد گل، سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شازیہ بانو سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، نیز قرات، نعت اور تقریری مقابلوں کے کامیاب شرکاء میں کرمانی ٹیلنٹ ایوارڈ تقسیم کیے گئے، جب کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

شرکاء نے پرجوش انداز میں اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں پھول پیش کیے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جو نسلوں کو سنوارتے ہیں، جبکہ مرحوم محمد اکرم کرمانی کی تعلیمی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

مقررین نے کرمانی ویلفئیر فاؤنڈیشن کی تعلیم، ادب، صحت اور فلاحی میدان میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جس طرح مستحق اور باصلاحیت طلبہ کی معاونت و رہنمائی کر رہا ہے وہ قابلِ تقلید مثال ہے۔

Shares: