خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں حالیہ کوآڈ کاپٹر حملوں کے بعد سیکیورٹی اداروں نے ہوید اور وزیر آباد کے علاقوں میں مشترکہ سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 14 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان بنوں پولیس خانزالہ قریشی کے مطابق خفیہ اطلاعات پر پاکستان آرمی اور پولیس کی جانب سے کیے گئے اس آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے 3 ٹھکانے بھی مسمار کر دیے گئے۔ کارروائی وزیر آباد اور دریائے ٹوچی کے ساتھ واقع علاقے ٹوڈو نار میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، جہاں 5 مشتبہ اہداف کو کلیئر کیا گیا۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 2 موٹر سائیکلیں اور ایک رکشہ بھی قبضے میں لے لیا، جبکہ ہوید بازار اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ گشت جاری ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ جمعہ کی صبح 5 بجے سے شروع ہونے والے آپریشن میں علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی گئی۔ شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خانزالہ قریشی نے کہا کہ آپریشن کا مقصد علاقے کو دہشتگردی سے پاک کرنا اور پائیدار امن قائم کرنا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر سیکیورٹی اداروں کو دیں اور دہشتگردوں کو سہولت فراہم کرنے سے باز رہیں، کیونکہ یہ سنگین جرم ہے اور اس پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
پاکستانی کرکٹر مبینہ زیادتی کا الزام، مانچسٹر پولیس کی تفتیش جاری