فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں ایک ہولناک صنعتی حادثہ پیش آیا جہاں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ خوفناک دھماکے نے پورے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا جبکہ فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کے فوراً بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکے کے اثر سے نہ صرف فیکٹری زمین بوس ہوگئی بلکہ ساتھ موجود کئی گھروں کی چھتیں بھی منہدم ہوگئیں، جس سے مزید جانی نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔اب تک 14 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں،ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا،7 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ فیکٹری اور ملحقہ گھروں کے ملبے کے نیچے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر موقع پر موجود ہیں اور خود ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔پولیس، فائر بریگیڈ اور میڈیکل ٹیموں کی اضافی نفری بھی جائے حادثہ پر تعینات کر دی گئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بوائلر میں پریشر بڑھنے کے باعث دھماکا ہوا، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ فیکٹری کی حفاظتی اقدامات اور لائسنسنگ کے معاملات بھی چیک کیے جائیں گے۔

Shares: